ہزارہ ٹاؤن میں نئے پولیس اسٹیشن کا قیام
کوئٹہ: ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن قائم، نیا ایس ایچ او تعینات
حکومت بلوچستان نے ہزارہ ٹائون اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی موثر صورتحال یقینی بنانے کے لیے ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن کے لیے اسٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او)بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی پولیس کے ترجمان کے مطابق ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن کو بروری پولیس اسٹیشن سے علیحدہ کر کے (بفریکیشن)قائم کیا گیا ہے تاکہ ہزارہ ٹائون اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔ پولیس اسٹیشن کا قیام فوجداری ضابطہ کار 1898 کے سیکشن 4 (ذیلی سیکشن 5)کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے، جس میں پولیس اسٹیشن کی حدود و دائرہ اختیار کی واضح نشاندہی بھی کی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق نئے پولیس اسٹیشن کے لیے ایس ایچ او کی تعیناتی، ضروری پولیس نفری کی منظوری و تعیناتی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تاکہ پولیس اسٹیشن فوری طور پر موثر انداز میں کام شروع کر سکے۔پولیس حکام کے مطابق ہزارہ ٹائون پولیس اسٹیشن کے قیام سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی، عوامی تحفظ میں اضافہ ہوگا، پولیس کے فوری رسپانس سسٹم کو تقویت ملے گی اور شہریوں کو انصاف تک بروقت رسائی حاصل ہو سکے گی۔

