کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کی مشکلات دور کرنا چاہتے ہیں ، وفاق صوبوں کو مزید ذمے داریاں دے ،سیلز ٹیکس آن سروسز کے علاوہ وفاق کے لیے دیگر ٹیکسز بھی جمع کرنے کو تیار ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے نئے او پی ڈی بلاک کا افتتاح کردیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ مالی وسائل صوبوں کو دینا غلطی نہیں تھی، این آئی سی وی ڈی اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔
انہوں نے کہاکہ بعض وزرا چاہتے ہیں، صوبوں سے ذمے داریاں واپس لی جائیں، ہم سمجھتے ہیں، مالی وسائل صوبوں کو دینا غلطی نہیں تھی، صحت کے شعبے میں سندھ کی کارکردگی اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔
بلاول بھٹو نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے سابق وزیراعظم کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کو مزید ذمے داریاں دی جائیں تو زیادہ سے زیادہ ٹیکسز جمع کرکے وفاق کی مالی مشکلات کم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز کے علاوہ وفاق کے لیے دیگر ٹیکسز بھی جمع کرنے کو تیار ہیں ، سندھ نے سیلز ٹیکس آن سروسز جمع کرنے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا شرجیل میمن اور مکیش چاولہ، ماہرین امراض قلب اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

