صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کوئٹہ کے سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی کمی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ا
نہوں نے واضح کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں دو روز کے اندر اندر درسی کتابوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ صوبائی وزیر نے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر گلاب خان خلجی، ڈائریکٹر اسکولز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور درسی کتب کی ترسیل کا عمل تیز کیا جائے۔۔۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس سلسلے میں چیئرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ ڈاکٹر گلاب خان خلجی نے جمعرات کے روز کوئٹہ کے سرکاری کتب اسٹور کا ہنگامی دورہ کیا اور موقع پر موجود عملے کو سختی سے ہدایات دیں کہ دو دن کے اندر اندر تمام سرکاری اسکولوں تک درسی کتب کی ترسیل مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

