انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد سابق ایس ایچ او سمیت 7 دیگر ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنےکا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سات ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے اور زر ضمانت کی رقم ایک ایک لاکھ روپے جمع کرانے کے بعد ملزمان کو جیل سے رہا کرنےکا حکم دے دیا۔
ملزمان میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس شامل ہیں۔
ملزمان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف ایک بھی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ مقابلہ جعلی تھا، حتمی دلائل نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کو لمبے عرصے تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا، مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو بری کیا جاچکا ہے۔
ساتوں مفرور ملزمان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرینڈر کیا تھا، نقیب اللہ کو 2018 میں پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

