بیجنگ: پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے ایران کے معاملے پر اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر حال میں اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ ایران کے معاملے پر اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور خطے میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے چین تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے، جس پر متعلقہ فریقوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔
چین نے جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فریقین، خصوصاً امریکا اور اسرائیل فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔
خیال رہے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی وزیرخارجہ کی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کےعالمی امورپربات چیت ہوگی۔

