اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد سے متعلق نازیبا الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر کے سعودی ولی عہد سے متعلق نازیبا الفاظ افسوسناک ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ولی عہد بہادر ہیں، فیصلہ اور صبر کی صلاحیت رکھتے اور عالمی شازشوں کو سمجھتے ہیں۔سعودی ولی عہد ایران پرحملہ کرنےکےحامی نہیں اور امن کےلیےکوشاں ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد پورا عالم اسلام غم کی کیفیت میں ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان اور ترکیے خطے میں امن کے لیے کوشاں ہیں، امریکا اور صہیونی لابی اس لیے پروپگینڈا کر رہی ہےکہ وہ ان کے ہاتھوں استعمال نہیں ہو رہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ صہیونی میڈیا اور عالمی رہنما جتنا بھی چاہییں عرب دنیا اس جنگ میں نہیں آئےگی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔
میامی میں سعودی انوسٹمنٹ فورم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان کو معلوم نہیں تھا کہ انہیں میری چاپلوسی کرنی پڑے گی، محمد بن سلمان سمجھتے تھےکہ ٹرمپ بھی دوسرے امریکی صدور کی طرح کوئی ناکام آدمی ہو گا جن کے دور میں ملک زوال کا شکار تھا۔

