ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیج تنازع پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکا ہے، پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے فون پر بات کی، وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ساتھ موجودہ صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر زور دیا ہے، پاکستان نے مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے پر زور دیا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی سفارت کاری جاری ہے، وزیراعظم کی قیادت میں فریقین کے درمیان مکالمے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مختلف ممالک کے سربراہوں سے رابطے میں ہیں، پاکستان خطے میں امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ بھی موجودہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا، وزیراعظم نے کویت، ترکیہ اور اردن کے سربراہان سے بھی گفتگو کی، لبنان، مصر، بنگلادیش کے سربراہان سے بھی بات چیت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم بھی سفارتی محاذ پر خطے کے ممالک کے ساتھ رابطوں میں ہیں، ناروے، سعودی عرب، آذربائیجان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ رابطے ہوئے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد سے رابطے میں سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کی۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا، وزیر اعظم نے سعودی قیادت کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا، وزیر اعظم اور سعودی قیادت نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے، 23 مارچ کو وزیر اعظم کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو ہوئی، انہوں نے خطے کی سنگین صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے بات چیت میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے، وزیر اعظم نے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعادہ کیا، 18 تا 21 مارچ وزیر اعظم کے متعدد عالمی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے۔

