گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا، کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نامزد گورنر نہال ہاشمی کو ٹیلیفون کیا اور انہیں گورنر سندھ کے عہدے پر نامزدگی کی مبارک باد دی۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ جتنے انیشی ایٹیوز ہیں ان سب کو جاری رکھنے کے لیے ساتھ دوں گا، میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں،جو کام ہو ساتھ دوں گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صدر زرداری، وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی فون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پونے چار سال ایک اچھا تعلق رہا، ساتھ کام کیا، عہدے آنے جانے والی چیز ہیں،آپ نے جو احترام دیا وہ یاد رہےگا۔
نہال ہاشمی کی نامزدگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا، گورنر ہاؤس آکر وعدہ کیا تھا کہ کام کرنا چاہتا ہوں، کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، یہ خبر سن کر کہیں دبک نہیں گیا میڈیا کا سامنا کیا،گل پلازہ کی آواز اٹھانے پر سزا دی جارہی ہے تو دے دیں، گورنر ہاؤس میں شروع ہونے والے کام جاری رہنا چاہئیں، کراچی میں میرا گھر سب کے لیے حاضر ہے، آئی ٹی کی تعلیم لینے والے 50 ہزار بچوں کا کیا مستقبل ہو گا نئے گورنر جانتے ہیں۔

