پیر, مارچ 9, 2026
ہوماہم خبریںافغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی، پاکستان میں جو...

افغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی، پاکستان میں جو کالعدم ٹی ٹی پی ہے یہ افغانستان کی فرنچائز ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تین سال سے بھرپور کوشش کی کہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایوں کی طرح زندگی بسر کریں۔ ہمیں افغانستان کے ساتھ کوئی غرض نہیں، ہمارے تعلقات قابل رشک نہیں رہے۔  

سیالکوٹ سے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ افغانیوں کی 50 سال مہمان نوازی کی، ان سے کوئی امید نہیں۔ وہ اپنے گھر میں شادباد رہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جو وتیرہ ان لوگوں نے پکڑ رکھا ہے، یہ نہ آج قابل قبول ہے، نہ پہلے تھا، نہ کل ہوگا۔ ہم نے بہت کوششیں کیں کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل ہوجائے۔ 

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی، پاکستان میں جو کالعدم ٹی ٹی پی ہے یہ افغانستان کی فرنچائز ہے۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی پشت پر افغانستان نہ ہو تو یہ کب کے ختم ہوچکے ہوتے، اس صورتحال اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ افغانیوں پر مزید اعتبار کرنا ٹھیک نہیں، کابل حکومت پر اعتبار کرنا بہت بڑا خطرہ ہے، افغانستان کے ساتھ بیک ڈور سفارتکاری کا مجھے علم نہیں، میرے خیال سے معنی خیز قسم کی کوشش نہیں ہو رہی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتیں پوری دنیا پر اثر انداز ہو رہی ہیں، پاکستان اکیلا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جارحیت ہو رہی ہے، آبنائے ہرمز میں ٹریفک نارمل نہیں۔ فرض کریں کراچی سے لاہور سامان آ رہا ہو اور ٹریفک کی وجہ سے تاخیر ہو تو مہنگائی خود بخود ہوجاتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ دعا کریں یہ عارضی فیز ہو اور اس جنگ کا کوئی حل نکل آئے، ایران ہمارا برادرملک ہے، اللّٰہ اس کی حفاظت فرمائے اور دیگر اسلامی ملک بھی ہمارے بھائی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دکھ کی بات ہے کہ مسلمان آپس میں دست و گریباں ہیں جس سے نقصان ہی نقصان ہے، سارے بحران کے پیچھے صہیونی سازشیں اور طاقتیں ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے