کوئٹہ: نجی ڈرگ بحالی مرکز میں مریض پر مبینہ تشدد، 5 افراد گرفتار، مالک فرار، سینٹر سیل
کوئٹہ میں ایک نجی ڈرگ بحالی مرکز میں مریض پر مبینہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کر دی ہے اور انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ نجی بحالی مرکز کو بھی سیل کر دیا۔
پولیس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی ڈائریکٹریٹ آف ہیومن رائٹس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تشدد میں ملوث پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ بحالی مرکز کا مالک علی احمد ابابکی واقعے کے بعد فرار ہو گیا ہے۔ مقدمہ درج کر کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حنیف رند نے کہا ہے کہ حکامِ بالا نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں تحقیقات کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ڈرگ بحالی مرکز کو مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور متاثرہ مریض کے ساتھ کیا گیا سلوک غیر انسانی اور ناقابلِ برداشت ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی شفاف اور جلد از جلد تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کی جائے گی، جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

