وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی کاز بھرپور انداز میں پیش کیا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ صدر ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کہ ملک کو بین الاقوامی سطح پر عزت اور احترام مل رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطینی مؤقف کو مضبوط اور مدلل انداز میں پیش کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ماضی میں سفارتی تنہائی کا شکار تھا، تاہم اب ہر بڑے عالمی معاملے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت دیانتدار ہو تو نتائج ہمیشہ مثبت برآمد ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔

