جمعرات, فروری 19, 2026
ہوماہم خبریں’10 ارب کی پوری پی آئی اے 11 ارب کا اکلوتا طیارہ‘:...

’10 ارب کی پوری پی آئی اے 11 ارب کا اکلوتا طیارہ‘: پنجاب حکومت لگژری جیٹ خریدنے پر تنقید کی زد میں

پنجاب حکومت کی جانب سے انتہائی مہنگا اور پرتعیش گلف اسٹریم طیارہ خریدنے کی خبروں نے عوامی اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

یہ معاملہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب حکومت کی جانب سے ایک اشتہار دیا گیا جس میں خاص طور پر گلف اسٹریم جی 500 طیارہ اڑانے کے ماہر پائلٹ کی خدمات طلب کی گئی تھیں۔

یہ طیارہ 2019 کا تیار کردہ ہے جسے عام طور پر دنیا بھر کے سربراہان مملکت یا بڑے کاروباری ادارے استعمال کرتے ہیں۔ اس کی قیمت کا اندازہ تقریباً 11 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

حال ہی میں اس طیارے کو لاہور سے سیالکوٹ کے درمیان پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اس دوران اس نے وہی مخصوص کوڈ ’پنجاب 2‘ استعمال کیا جو عام طور پر وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں استعمال ہوتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے طیارے کی مبینہ خریداری پر کڑی تنقید کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ”وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.32 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ ایک طرف پاکستانی عوام سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے پیٹ پر پتھر باندھیں اور قربانیاں دیں، تو دوسری طرف پنجاب کے مراعات یافتہ وی آئی پیز پرتعیش نجی طیاروں میں اڑان بھرنے کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ باندھ رہے ہیں۔“

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی لکھا کہ ”یہ ایک انتہائی خوبصورت طیارہ ہے جس کی مالیت ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد ہے اور اسے پنجاب حکومت نے مبینہ طور پر اپنی وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے مخصوص اشرافیہ کے زیر استعمال لانے کے لیے خریدا ہے۔“

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ”کیا ایک ایسی قوم جو معاشی بدحالی سے نبرد آزما ہو، جہاں 45 فیصد لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہوں اور بے روزگاری ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہو، اس طرح کی عیاشی کی متحمل ہو سکتی ہے؟“

اس تنقید کے بعد پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں وضاحت بھی پیش کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ دراصل پنجاب حکومت کی اپنی ایئر لائن ’ایئر پنجاب‘ کے لیے خریدا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اپنی ایئر لائن کے بیڑے میں مختلف قسم کے جہاز شامل کر رہی ہے جن میں سے کچھ خریدے جا رہے ہیں اور کچھ لیز پر لیے جائیں گے، اور یہ طیارہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے جہاز کی مبینہ خریداری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پوری پی آئی اے 10 ارب میں بیچ دی اور پنجاب حکومت نے 11 ارب روپے کا ایک جہاز خرید لیا۔

انہوں نے طنزیہ کہا کہ 13 کروڑ آبادی کے لیے 19 سیٹوں والا جہاز خریدا گیا ہے، یہ ہوتی ہے گورننس۔

مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ نو میٹر کی بس میں بھی 50 سیٹس ہوتی ہیں، 19 نشستوں والا جہاز 1100 کروڑ روپے کا ہے، ایئر پنجاب کا پیسنجر 58 کروڑ کا پڑے گا اور اس کی مرمت، ایندھن اور عملہ الگ ہوگا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے