نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کرکے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کےحوالے سےاجلاس ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی بربریت اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔
اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں جنگ بندی کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انہوں نے زور دیا کہ سیز فائر کا احترام کیا جانا چاہیے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مستقل امن کےلیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری کو ضروری قرار دیا اور واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار تمام صورتحال میں لازم و ملزوم ہے، فلسطینیوں کےحق خودارادیت کا احترام کیے بغیرکوئی حل قابل عمل نہیں۔
نائب وزیراعظم نے غزہ سےفلسطینیوں کو بےدخل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم کی امریکی قیادت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

