پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کو پریشان کن قرار دیدیا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل سخت ہو یا نرم اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ جگ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی، بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں اور یہ پریشان کُن ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے، مریض اگر قیدی ہو اور آپ کا سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلیٰ ظرفی نہیں ہوگا۔
خواجہ سعد رفیق نے پیغام میں لکھا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری مؤقف جاری کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ سے ان کی ملاقات کروائی جائے۔

