کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہےکہ صوبے میں نوشکی کے علاوہ تمام علاقوں اور شاہراہوں پر حالات قابو میں ہیں۔
شاہد رند نے صوبائی وزرا علیٰ مدد جتک، میر شعیب نوشیروانی،بخت محمد کاکڑ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات کے ہمراہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 31جنوری کو دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنایا گیا جب کہ نوشکی میں حالات قابو کرنے میں کچھ وقت لگا۔
انہوں نے کہا کہ حملوں میں 36عام شہری اورسکیورٹی فورسز کے 22جوان شہید ہوئے جب کہ کوئٹہ میں سرچ اینڈ کامبنگ آپریشنز جاری ہیں، اس دوران 100 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ، آر پی جی، اینٹی ائیر کرافٹ گنز برآمد کرلی گئی ہیں، تھانوں پر حملے کرنے والے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے ۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائےگی۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ نوشکی جیل کی حالت خطرے سے باہر ہے، بلوچستان کے 2 جیلوں پر حملے ہوئے ہیں، جیلوں سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں نوشکی کے علاوہ تمام علاقوں اور شاہراہوں پر حالات قابو میں ہیں، پولیو مہم جاری ہے جب کہ آٹھویں اور میٹرک کے امتحانات بھی معمول کے مطابق ہونگے۔

