جمعرات, جنوری 22, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںگرینڈ الائنس کے ملازمین کی گرفتاریاں لاٹھی چارج، جبر و تشدد ،فسطائیت...

گرینڈ الائنس کے ملازمین کی گرفتاریاں لاٹھی چارج، جبر و تشدد ،فسطائیت کی نشانی ہے، میر اسد اللہ بلوچ

گرینڈ الائنس کے ملازمین کی گرفتاریاں لاٹھی چارج، جبر و تشدد ،فسطائیت کی نشانی ہے، میر اسد اللہ بلوچ

پرامن ملازمین پر تشدد سے آمریت کی بوآرہی ہے، حکومت ملازمین کو طاقت سے نہیں دبا سکتی،مرکزی صدر بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر، رکن صوبائی اسمبلی راجی راہشون میر اسد اللہ بلوچ نے صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کے پرامن احتجاج پر بدترین کریک ڈاؤن، لاٹھی چارج، آنسو گیس، گرفتاریوں اور طاقت کے بے دریغ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مکمل طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور ملازمین کے آواز سے خوفزدہ ہو کر جبر کا راستہ اپنا رہی ہے جو کے فسطائیت کی نشانی ہے۔

میر اسد اللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی آئین شہریوں کو پرامن احتجاج اور آزادی اظہار کا حق دیتا ہے، مگر بلوچستان میں ان حقوق کو روند ڈالا گیا ہے۔ مہنگائی، کم تنخواہوں اور معاشی بدحالی نے ملازمین کی زندگی کو دگرگوں بنادیا ہے باوجود اس کے حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے لاٹھیاں اور ہتھکڑیاں بانٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض ٹولہ عوامی خدمت کے بجائے صرف طاقت کے نشے میں مبتلا ہے۔ حق مانگنے والوں پر تشدد، شہروں کو کنٹینروں سے بند کرنا، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت سیاسی طور پر ناکام ہو چکی ہے اور ملازمین کو یرغمال بنا کر حکمرانی کرنا چاہتی ہے۔

میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ اگر اپنے ہی سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومت کا یہ غیر انسانی سلوک ہے تو مزدور، کسان، تاجر، طلبہ، ٹرانسپورٹر اور عام شہری کس اذیت میں ہوں گے، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ یہ نظام عوام کو سہولت نہیں بلکہ خوف فراہم کر رہا ہے۔

طاقت کے ذریعے مسائل دبانے کی پالیسی حکومت کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔ عوام دشمن فیصلوں سے باز آ کر فوری طور پر مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے، ورنہ ردعمل حکومت کے لیے سنبھالنا ممکن نہیں رہے گا۔

میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ جو پارٹی لوگوں کو روزگار دینے کی بات کرتی تھی جسکا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان تھا آج وہی پارٹی عوام سے انکی منہ کا نوالہ نہ صرف چھینے کی کوشش کررہا ہے بلکہ اپنے ہی نعروں کی بھی نفی کررہا ہے

بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے، جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اور ملازمین سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے