جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ ہمارے مدرسوں میں ادب کی جو تعلیم دی جاتی ہے وہ دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی۔
جامعہ مدینہ جدید رائے ونڈ روڈ لاہور میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ ہمارا کام اور مقصدیہ ہونا چاہیےکہ بڑوں کے نصب العین کو ہمیشہ زندہ رکھیں، جو بھی دنیا میں آیا وہ جانے کے لیے آیا ، کبھی ہمیشہ رہنے کے لیے نہیں آیا۔
مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ اسلام اعتدال کا مذہب ہے، ہمارے مدرسوں میں ادب کی جو تعلیم دی جاتی ہے وہ دنیا کی کسی دانش گاہ میں نہیں ملتی، آج نوجوان کواسلاف سے رشتہ توڑنے کا درس دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب حکمرانوں کی قوت باطلہ حرکت میں آتی ہے تو نئی شکل پیدا ہوتی ہے، اس کے مقابلے میں جو آواز کھڑی ہوگی وہی حق کی آواز ہوگی، اسلام کی بقا آسائشوں میں نہیں بلکہ آزمائشوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

