دانش سکولوں میں بلوچستان کے سینکڑوں طلبہ علم حاصل کر رہے ہیں ‘بلوچستان کے طلبہ کو لیپ ٹاپس بھی دے رہے ہیں‘ مریم نواز
پنجاب کو زیادہ شیئر ملنے کا پروپیگنڈہ غلط ‘ فنڈز سے متعلق بلوچستان حکومت سے ضرور پوچھیں ‘ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے گفتگو
لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفدنے ملاقات کی۔ وفد میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءاور طالبات بھی شامل تھے۔ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے طلباءاور طالبات نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اہل پنجاب کی طرف سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ کا تحفہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد میں شامل تمام طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر طلباءاور طالبات کی طرف سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بلوچی چادرپہنائی گئی۔ طلباءو طالبات کے وفد نے دورہ لاہوراور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات کو یادگار لمحہ قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بلوچ طلباءاور طالبات کے سوالات کے جواب بھی دیئے اور نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد کی آمد پر خوشی کا اظہارکیا۔ طلباءکے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست پراجیکٹس کو تالیاں بجا کرخراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں محروم معیشت افراد کےلئے خصوصی ہیلپ لائن شروع کررہے ہیں تاکہ بیماری علاج وغیرہ کےلئے فوری مدد کی جاسکے۔ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد کی آمد خوشی کا باعث ہے۔ طلباءپاکستان کے علمبردار ہیں اور مستقبل انہی کے ہاتھوں میں ہے۔میرا پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننا پاکستان کی تمام بیٹیوں کا اعزاز ہے۔پنجاب میں دیگر صوبوں سے روزگار اور بہتر مواقع کی تلاش میں آتے ہیں، ہم نے سب کےلئے دل کے دروازے کھولے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سب صوبوں کے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ پنجاب کے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام سے دوسرے صوبوں سے آنے والے بچے بھی مستفید ہوئے۔ہزار بیڈ کا نواز شریف کینسر ہسپتال اس لیے بنایا تاکہ پنجاب ہی نہیں پاکستان بھر کے لوگ مستفید ہوں۔کبھی سندھی، پنجابی یا کشمیری کا فرق نہیں رکھا، ہم سب پاکستانی ہیں۔ پنجاب اور دیگر صوبوں میں دیگر انفراسٹرکچر اور ترقی کا فرق واضح نظر آتا ہے۔ پنجاب کو زیادہ شیئر ملنے کا پروپیگنڈا غلط ہے، ہر صوبے کو شیئر مل رہا ہے۔ پنجاب کے پاس پیسے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں، طلباءکبھی اس بہکاوے میں نہ آئیں۔ پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام پر ہی لگایا جاتا ہے دوسرے صوبوں سے یہی فرق ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گڈگورننس سے بہتر کوئی سیاست نہیں ہوسکتی۔سیاست پروٹوکول لینے کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور محنت کرنے کا کام ہے۔ پنجاب میں سفارش اور رشوت کا کلچر ختم کر دیا، ماضی میں یہاں پیسے لیکر کام ہوتے تھے۔ حلفاً کہہ سکتی ہوں کوئی بھی افسر سفارش پرنہیں لگایا۔ وی سی، سیکرٹری، ڈی سی ، کمشنر کے پینل انٹرویو کے بعد سلیکشن کی جاتی ہے۔ ماضی میں ہراسانی،ریپ اور قتل کے واقعات تواتر سے ہورہے تھے۔ پنجاب کے آئی جی محنتی اور پروفیشنل آفیسر ہیں،اب کئی شہروں میں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پنجاب میں کرائم کی شرح اب 100 سے 30 فی صد پر آ چکی ہے۔ جرم ہو تو24گھنٹے میں ملزم پکڑے جاتے ہیں کرائم کنٹرول کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔اب سڑک پر کوئی ہیلمٹ پہنے بغیر نظر نہیں آتا، بغیر ہیلمٹ حادثے میں بہت نقصان ہوسکتا ہے۔ پنجاب میں بلوچستان کے طلبہ کو ہونہاسکالر شپ اور لیپ ٹاپ دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دانش سکولوں میں بلوچستان کے 260طلبہ پڑھ رہے ہیں جبکہ 1500پڑھ کر جاچکے ہیں۔ پنجاب کے پراجیکٹ میں بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کا حصہ الگ رکھ دیا۔جھوٹے بہکاوے میں نہ آئیں، آپ کا پیسا آپ پر ہی لگنا چاہیے۔ کسی صوبے کو زیادہ پیسے نہیں ملتے، اپنی حکومت سے تہذیب اور تمیز کے ساتھ سوال ضرور پوچھیں۔وزےراعلیٰ مرےم نوازشرےف نے کہاکہ ہم پہلے پاکستانی ہیں، سندھی ، بلوچی اور پنجابی بعد میں ہیں، دعاہے جو قدم اٹھے ملک قوم کی فلاح اوربہتری کے لئے اٹھے۔نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد میں مکران سے تعلق رکھنے والی طالبہ نے کہا کہ لاہوراچھا لگا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے ملکر خوشی ہوئی۔ اےک طالبہ نے کہا کہ نواز شریف نے بلوچ طلبہ کو سکالر شپ دیئے بعد میں آنے والوں نے بند کر دیئے۔مریم نواز شریف خوبصورت دکھائی دیتی ہیں ، لےکن ان کا دل بھی بہت زیادہ خوبصورت ہے۔لاہور کی مہمان نوازی اچھی لگی، یقین نہیں تھا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔تربت کی طالبہ نے تاثرات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ لاہور اتنا اچھا لگا کہ بیان کرنے کے لئے لفظ نہیں۔

