جمعرات, جنوری 22, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںایران میں مظاہرے جاری، حکومت کا ہر شہری کو ماہانہ 7 ڈالر...

ایران میں مظاہرے جاری، حکومت کا ہر شہری کو ماہانہ 7 ڈالر الاؤنس دینے کا اعلان

ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے ہر شہری کو ماہانہ مالی الاؤنس دیا جائے گا۔

سرکاری ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہر فرد کو ماہانہ 10 لاکھ تومان (تقریباً 7 امریکی ڈالر) کے برابر رقم دی جائے گی جو چار ماہ کے لیے ان کے اکاؤنٹس میں کریڈٹ کی صورت میں منتقل کی جائے گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ رقم نقد کے بجائے کریڈٹ کی شکل میں ہوگی جسے مخصوص اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اور اس کا مقصد ’عوام پر معاشی دباؤ کو کم کرنا‘ ہے۔ یہ سہولت تمام ایرانی شہریوں کو چار ماہ تک فراہم کی جائے گی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی آبادی 8 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے جہاں کم از کم ماہانہ اجرت تقریباً 100 ڈالر جبکہ اوسط تنخواہ لگ بھگ 200 ڈالر کے قریب ہے۔ 

ایران میں روزمرہ خریداری کے لیے زیادہ تر افراد نقد رقم کے بجائے موبائل فون اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیاں کرتے ہیں۔

گزشتہ ایک سال کے دوران ایرانی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک تہائی سے زیادہ قدر کھو چکی ہے، جس کے باعث عوام کی قوتِ خرید میں شدید کمی اور ملک بھر میں بے چینی میں اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ  ایران میں معاشی غیر یقینی صورتحال اور کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف گزشتہ ہفتے سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ سرکاری اعلانات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرے کم از کم 40 شہروں تک پھیل چکے ہیں۔

سرکاری رپورٹس کے مطابق ان احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے