اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پیر کے روز ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی، جس میں وینزویلا میں امریکا کی فوجی کارروائی پر بڑھتی ہوئی عالمی تشویش اور بین الاقوامی نظام کو لاحق ممکنہ خطرات پر غور کیا جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا میں حالیہ پیش رفت بین الاقوامی قانون کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتی ہے۔
ان کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل اس بات پر شدید فکرمند ہیں کہ امریکا کی کارروائی سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
یہ اجلاس کولمبیا کی درخواست پر بلایا گیا، جس کی چین اور روس نے حمایت کی، جبکہ وینزویلا نے بھی باضابطہ طور پر سلامتی کونسل سے رجوع کیا ہے۔
اجلاس ’’بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات‘‘ کے ایجنڈے کے تحت ہوگا اور سیکریٹری جنرل کونسل کے ارکان کو بریفنگ دیں گے۔

