وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، ہماری فضائی افواج نےبھارت کے 7جہاز گرائے جبکہ نے 8ویں جہاز کو بری طرح نقصان پہنچایا۔
وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کی خصوصی تقریب سجائی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا مسیحی برادری نے ملکی دفاع اور قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کے چھکےچھڑا دیئے۔ ہماری فضائی افواج نے بھارت کے 7 جہاز گرائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، خصوصاً مسیحیوں کا انتہائی قابل قدر اور تاریخی کردارہے، مسیحی برادری کے کردار کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں، اقلیتوں نے تعلیم، دفاع پاکستان اور زندگی کے ہر مرحلے میں شاندار کردار اداکیا۔ وطن پر لہو نچھاور کرنے والے مسیحی بھائیوں کو سلام پیش کرتاہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے اپنے خطبوں میں واضح کہا پاکستان میں ہرایک کوپوراقانونی حق حاصل ہوگا، اقلیتوں کو اپنی عبادت گاہوں میں جاکر بلاخوف وخطر عبادت کا کہاگیا، مسلم لیگ ن کے ادوار میں نوازشریف نے اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی۔ نوازشریف نے ہندوؤں اور مسیحیوں کے تہواروں میں شمولیت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام میں مساوات، عدل انصاف اوربرادری کا ہمیشہ کاذکرکیا گیاہے، نبی کریمﷺ کے اسوۃ حسنہ کا نچوڑ ہے کہ انسانیت کے ساتھ مروت اوربردباری، محبت سے پیش آؤ۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے کسی بھی زیادتی پر قانون کا ہاتھ پوری قوت سے روکے گا، اس اصول پر عمل کرنا ہوگا کہ کسی کے مذہب کو برا نہ کہیں، پوری طرح سے اقلیتوں کا ساتھ دیں گے، اقلیتوں کے حقوق کیلئے پوری طرح آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

