ڈی آئی جی لورالائی نے پولیس کے کالی بھیڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ میں ملوث چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ نامزد اہلکاروں میں ایک سب انسپیکٹر ممتاز قیصرانی، ایک اے ایس آئی عبداللہ باتوزئی، اور دو ہیڈ کانسٹیبل اسد خدرزئی اور بابو گجر شامل ہیں۔
چاروں اہلکاروں پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے، ڈرگ پیڈلرز کی سہولت کاری کرنے اور ڈرگ مافیا سے قریبی گٹھ جوڑ رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان کے حالیہ جرگے کے دوران عوام نے بعض پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات درج کروائی تھیں۔ ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں اور لورالائی پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

