دبئی ایئر شو میں جمعے کی دوپہر بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’تیجس‘ فضائی کرتب کے مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
دبئی میں جاری ایئر شو میں جمعے کی دوپہر بھارتی فضائیہ کا تیجس لڑاکا طیارہ فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد ایئر شو روک دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ فضائی کرتب کا مظاہرہ دیکھنے موجود تھے۔ ’تیجس‘ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر فضائی ڈسپلے کے دوران اچانک زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوا۔
عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کے گرتے ہی گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں اٹھنے لگے، جس پر نظارہ دیکھنے کے لیے آئے شائقین پریشان ہوگئے۔
ب انڈین ایئرفورس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پائلٹ طیارے کے زمین سے ٹکرانے سے پہلے جہاز سے نکل پایا یا نہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔

