کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں سندھ پولیس کے خلاف قرارداد منظور کراچی میں بلوچ اور پشتون برادری سے ناانصافیوں کا معاملہ اٹھا دیا گیا ۔ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں سندھ کراچی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور پشتون برادری کے ساتھ مبینہ نا انصافیوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔
اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی اصغر علی ترین نے اس حوالے سے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بلوچستان کے لوگ ہوٹل سمیت مختلف کاروبار کرتے ہیں، تاہم انہیں سخت مشکلات اور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلوچستان کے عوام کو کراچی میں تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری کس کی ہے اور دعوی کیا کہ سندھ میں پشتونوں کو بھی ذلیل و خوار کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کسی بھی گروہ کو تنگ کرنے کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتیں، اس لیے اپوزیشن اپنی قرار داد واپس لے۔ تاہم مسلم لیگ، نیشنل پارٹی اور دیگر اپوزیشن اراکین نے قرار داد کی بھر پور حمایت کی۔

