پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ جب بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان اقتدار میں آئے ، چھبیس ویں اور ستائیس ویں ترامیم واپس کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اس اسمبلی کے پاس قانون سازی کا کوئی اختیار ہی نہیں۔
اسد قیصر نے سوال کیا کہ کیا قانون میں ترمیم اس طرح ہوتی ہے؟ ایک بار ترمیم کر کے پھر کہنا کہ یہ ایسا نہیں ویسا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو ، وہ ویسے اجلاس میں نہیں آتے اور کل آگئے۔
اسد قیصر نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو مستعفی ہونے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، وکلا اور مزدور تنظیموں کو ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے ، پی ٹی آئی کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے ستائیس ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی۔
وزیر قانون کی جانب سے ترمیم پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے ایوان میں ڈیسک بجاکر احتجاج کیا جب کہ ترامیم کی شق وار منظوری کے دوران بھی اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

