پنجگور : دی اوئیس اسکول پنجگور میں دو روزہ کتب میلہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا، اساتذہ اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میلے میں مختلف موضوعات پر معیاری کتابوں کے اسٹالز لگائے گئے، جنہیں کتاب دوست نوجوانوں اور مطالعہ کے شوقین شہریوں نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔ اس دوران ہزاروں کتابیں فروخت ہوئیں جن کی مجموعی مالیت نو لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی، جو پنجگور میں بڑھتی ہوئی مطالعہ دوستی کا مظہر ہے۔ کتب میلے میں بچوں، نوجوانوں اور اساتذہ نے اپنی پسندیدہ کتابیں خریدیں، جبکہ علمی و ادبی حلقوں نے اس اقدام کو پنجگور میں مطالعہ کلچر کے فروغ کی ایک مثبت پیش رفت کرادیا۔ شرکاء نے کہا کہ اس طرح کے میلے نہ صرف کتاب دوستی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ معاشرے میں علم و شعور کی فضا کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔

