اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل کا بیٹا ہرنائی کے پہاڑی علاقے سے بازیاب ہو گیا، مستنصر بلال کو 10 اگست کو والد کے ساتھ اغوا کیا گیا تھا ۔
اسسٹنٹ کمشنر زیارت کا بیٹا ہرنائی کے پہاڑی علاقے سے بازیاب ہو گیا، اغواکاروں نےگزشتہ شب مغوی کو ہرنائی کے پہاڑوں میں چھوڑا، مستنصر بلال کو آج کوئٹہ پہنچایا جائے گا۔
مغوی اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال بازیاب نہیں ہوسکے، اسسٹنٹ کمشنر کی بازیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل اور ان کے فرزند مستنصر بلال کو 10 اگست کو دہشت گردوں نے زیزری کے مقام سے اغوا کیا تھا۔
بعدا زاں اغواکاروں نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل اور ان کے بیٹے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں وہ اغوا کاروں کے مطالبات پورے کرنے کی اپیل کررہے تھے۔
اس سے قبل، بلوچستان حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کے اغواکاروں کا سراغ لگانے پر 5 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا تھا۔