جمعہ, جنوری 23, 2026
ہوماہم خبریںپاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 2026 سے لے کر...

پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا 2026 سے لے کر 2028 تک رکن منتخب ہو گیا ہے

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یکم جنوری 2026 سے شروع ہونے والی مدت کے لیے مزید 13 ممالک کے انتخاب کا بھی اعلان کیا ہے، جن میں انگولا، چلی، ایکواڈور، مصر، ایسٹونیا، بھارت، عراق، اٹلی، ماریشس، سلووینیا، جنوبی افریقہ، برطانیہ اور ویت نام شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے رکن کے طور پر 2026 تا 2028 کی مدت کے لیے منتخب پر خوشی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لیے منتخب ہونا، ہمارےاقوامِ متحدہ میں ادا کردہ مؤثر اور فعال کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کونسل میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

دفتر خارجہ کے اعلامیہ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کو 3 سالہ مدت کے لیے انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) کا رکن منتخب کر لیا ہے، جس کا آغاز یکم جنوری 2026 سے ہوگا، پاکستان نے یہ نشست بھاری اکثریت سے 178 ووٹ حاصل کر کے جیتی۔

ایچ آر سی کے 2006 میں قیام کے بعد سے چھٹی بار پاکستان کو اس کردار کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی، انسانی حقوق کے دفاع، فروغ اور تحفظ کے عزم کی وجہ سے انسانی حقوق کونسل میں انتخاب کیا گیا، جو کہ عالمی براردی کے اعتماد کا مظہر ہے۔

یہ اس بات کا اعتراف بھی ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے نظام کو مضبوط بنانے میں مسلسل اور مؤثر کردار ادا کیا ہے اور کونسل کے اندر اتفاقِ رائے پیدا کرنے والا ایک ذمہ دار رکن ثابت ہوا ہے۔

اپنی رکنیت کے دوران، پاکستان انسانی حقوق کے تمام پہلوؤں، بشمول شہری، سیاسی، معاشی، سماجی، اور ثقافتی حقوق کے ساتھ ساتھ حق برائے ترقی کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک اور سول سوسائٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان انسانی حقوق کونسل کے مینڈیٹ کی مکمل حمایت کرے گا تاکہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کو آفاقیت، غیرجانبداری، شفافیت، اور عدم امتیاز کے اصولوں کی بنیاد پر یقینی بنایا جا سکے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے