اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر بلوچستان کے مثبت اور پرامن تشخص کو اجاگر کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے نجی و سرکاری اشتراک کے تحت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سسٹم کے تحت تمام سہولیات ایک ہی مرکز سے فراہم کی جائیں گی۔
تاکہ انہیں کسی قسم کی سرکاری رکاوٹ یا غیر ضروری مراحل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بلوچستان ٹورزم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرٹ پر مبنی نظام ہمیشہ بہترین نتائج دیتا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر منتخب باصلاحیت افسران اور ماہرین اپنی کارکردگی سے ترقی و استحکام کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
- اانہوں نے کہاکہ پارلیمانی سیکرٹری سیاحت نوابزادہ زرین خان مگسی، سیکرٹری ثقافت سہیل الرحمٰن بلوچ، اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سمیت تمام افسران نے اپنی محنت، دیانتداری اور کارکردگی سے ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
- بلوچستان کے عوام کا حقیقی چہرہ محبت، مہمان نوازی، امن اور ثقافت ہے، لیکن بدقسمتی سے میڈیا میں صوبے کو منفی خبروں تک محدود کر کے دکھایا جاتا ہے۔
- آج کی ویڈیوز نے بلوچستان کے خوبصورت، ثقافتی اور پرامن چہرے کو اُجاگر کیا ہے۔ اصل بلوچستان وہ ہے جس میں فطری حسن، دلکش مناظر اور شاندار ثقافتی ورثہ موجود ہے۔
- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے تین سالہ سیاحتی منصوبے پر عمل پیرا ہے تاکہ دنیا کو بلوچستان کا اصل اور مثبت چہرہ دکھایا جا سکے۔