اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا پر ہمارے شدید اعتراضات ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے صوبے کے حصے کے پانی کی بات کی،کسی دوسرے صوبے کے حصے کے پانی کی بات نہیں کی، پنجاب کے حصے کا پانی پنجاب میں جہاں سے بھی گزاریں،اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا پر ہمارے شدید اعتراضات ہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاکہ جس جماعت کی لیڈر ایک خاتون تھی، وہ پوری جماعت ایک خاتون لیڈر کے خلاف پریس کانفرنسز کررہی ہے، اس طرح کی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، نہ ہی ایسے پیپلزپارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زبان، الفاظ اور لہجہ بالکل مناسب نہیں، ان کے مکالمے کے جواب میں سندھ سے بھی ایسا جواب آیا تو کیا ہوگا؟