وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو افغانستان میں ’ ریاستی سرپرستی’ حاصل ہے جہاں سے وہ’ ہم پر حملہ کرتے ہیں۔’ دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں انہیں کسی صورت رعایت نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کو افغانستان میں ’ ریاستی سرپرستی’ حاصل ہے جہاں سے وہ’ ہم پر حملہ کرتے ہیں۔’ دہشت گردوں کو افغانستان میں ’ محفوظ پناہ گاہیں’ اور تربیتی کیمپ چلانے کی جگہیں فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مارے گئے دہشت گردوں میں سے بہت سے دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے افغان طالبان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ دوحہ معاہدے پر عمل کریں، جس میں ’ آپ نے یہ عہد کیا تھا کہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔’
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کےلیےاقدامات کررہے ہیں، دہشتگردوں کےخلاف سخت ترین زمیینی اور فضائی آپریشنز جاری ہیں، ریاست کی رٹ کو کسی صورت چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں انہیں کسی صورت رعایت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فورسز نے گزشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف اہم کارروائی کی، ہم نے چاغی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں زبیر نامی شخص اور اس کا ساتھی مارا گیا، اب لوگ کہہ رہے ہیں کہ زبیر ایک وکیل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد زبیر عرف شاہ جی چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا تھا اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے تخریبی منصوبہ بندی کرتا تھا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ زبیر عرف شاہ جی دالبدین میں بی ایل اے کے لیے دہشتگرد بھی بھرتی کرتا تھا، دہشتگردوں نے ’ براس ’ کے نام سے ایک تنظیم بنا رکھی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد جہانزیب نے ہتھیار ڈالے اور اس کے دیگر ساتھی ہلاک ہوگئے، جہانزیب نے سرینڈر کیا اور ویڈیو بیان میں مختلف کارروائیوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو بلوچستان میں ایک پروفیسر کی جانب سے دہشتگرد حملے کا منصوبہ تھا، دہشت گرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، مگر سیکیورٹی فورسز نے ان کے منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں سیکیورٹی فورسز کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا امن کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے، نوجوانوں کو انتہاپسند ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پکڑنا فورسز کی اہم کامیابی ہے، فورسز نے دہشت گردوں کے کئی منصوبوں کو بروقت ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا جس کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔