مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے 28 گھنٹوں بعد بھی ٹریک تاحال بحال نہیں ہوسکا۔
جیو نیوز کے مطابق حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے کے بعد ٹریک سے اترنے والی بوگیوں کو اٹھانے اور ٹریک مرمت کا آپریشن بدستورجاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق 28گھنٹے گزرنے کے باوجود ریلوے حکام ٹریک کلئیر نہیں کرسکے جس کے باعث کوئٹہ سے ٹرین آپریشن جمعرات کو بھی بند رہے گا۔
دوسری جانب جمعرات کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی اور پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 23 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئی تھیں جس کے نتیجے میں 5 مسافر زخمی بھی ہوئے تھے۔