وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جرائم میں کمی کی وجہ پولیس کی بہترین کارکردگی کو قرار دیا اور کہا کہ کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے جس طرح امن قائم کیا ہے، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، پورے پولیس ڈپارٹمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کئی ایسے اضلاع ہیں جہاں یومیہ 100 جرائم ہوتے تھے، اب صفر شرح ہے، کئی کئی دن بعد کوئی ایک کیس رپورٹ ہوتا ہے، لوگ کہتے ہیں اب ہم گھر سے نکلتے ہیں تو سکون سے نکلتے ہیں، خواتین کیخلاف جرائم بالکل برداشت نہیں کر سکتے، خواتین کی حرمت پر انگلی اٹھانے والا اپنے انجام کو پہنچتا ہے، اور توبہ کرتا دکھائی دیتا ہے، میرا خواب پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ جگہ بنانا ہے، اور ہم اپنے مقصد کے بہت قریب ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ زمنیوں پر قبضہ کرنے والوں کیخلاف نیا قانون لارہے ہیں، جس کے تحت قابضین کیخلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خصوصی عدالتیں بنائیں گے، جو 90 روز میں فیصلہ کریں گی، اور 10 سال تک قید کی سزا دی جاسکے گی، با اثر افراد کے کمزور طبقے کی زمینوں پر قبضے ختم کروائیں گے، ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے بھر میں جرائم کم ہونے پر میں پولیس اور کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ ( سی سی ڈی) کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس نے فورس کو بہترین انداز میں جرائم میں کمی کے لیے استعمال کیا ہے۔
مریم نواز نے ٹریننگ مکمل کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے حلف کا پاس رکھیں، پاکستان کی عزت کریں اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے، کبھی بھی رشوت کا ایک پیسہ نہیں لیں گے، رشوت کی کمائی میں برکت نہیں، محنت کی کمائی بھلے کم ہو، اللہ پاک اس میں برکت دیتے ہیں، پیرا کو رشوت کی روایت توڑ دینا چاہیے، آج سب ہاتھ اٹھاکر وعدہ کریں کہ اپنے وطن کی حفاظت اور عوام کی خدمت کرو گے، ایک پیسہ کبھی رشوت نہیں لو گے۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ بھی ان لوگوں میں شامل ہوگئے ہیں، جنہیں اللہ پاک نے ایک موقع دیا ہے تاکہ آپ پنجاب کے 15 کروڑ عوام کی خدمت کرسکیں، آپ نے صوبے کے عوام کو انصاف بھی دلوانا ہے، ان کے لیے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں، میرا خواب تھا کہ ایسی اتھارٹی بنے، جو خود پہنچ کر عوام کو مہنگائی اور ناجائز تجاوزات سے نجات دلوائے، پنجاب پہلا صوبہ بن گیا ہے جو عوام کی خدمت کے لیے اس طرح کا نظام تشکیل دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں اور راستوں پر تجاوزات قائم نہیں کی جانی چاہئیں، ہمارے اقدامات سے خواتین سمیت تمام خریدار خوش ہیں، جنہیں اب بازاروں میں ہراسگی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا،
وزیر اعلیٰ نے پیرا کے قیام کو گڈ گورننس کی مثال قرار دیا، اور بتایا کہ جب میں ٹوکیو میں تھی تو معلوم ہوا، گندم اور آٹا اچانک مہنگا ہوگیا ہے، ذخیرہ اندوزی شروع ہوگئی ہے، قیمت 4 ہزار روپے تک جاپہنچی، میں نے آتے ہی پیرا اور محکمہ خوراک کو ہدایات دیں تو قیمت آج پھر 3 ہزار 100 روپے پر آچکی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا کے جوانوں اور تمام عملے نے سیلاب میں عوام کے انخلا اور ریلیف کے لیے جس طرح کردار ادا کیا ہے، اس سے مجھے لگا کہ سب نے ایک ہوکر عوام کی خدمت کی، اس سب کے لیے میں پیرا اور تمام محکموں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

