افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا غیر معمولی انداز میں دہلی پہنچ گیا۔
افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا اتوار کی صبح ایک مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا، جس کے بعد بھارتی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور افغان ایئرلائن KAM کی پرواز RQ-4401 کے پچھلے مرکزی لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا، یہ پرواز تقریباً دو گھنٹے کے سفر کے بعد صبح 11 بجے دہلی پہنچی۔
جہاز کے عملے نے لینڈنگ کے بعد لڑکے کو ایئرکرافٹ کے قریب گھومتے دیکھا اور فوراً ایئرپورٹ سیکیورٹی کو اطلاع دی۔
ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا کہ وہ شمالی افغانستان کے شہر قندوز کا رہائشی ہے، عملے نے اُسے حراست میں لے کر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے حوالے کیا، جس کے بعد اُسے پوچھ گچھ کے لیے ٹرمینل 3 منتقل کیا گیا۔
تفتیش کے دوران لڑکے نے بتایا کہ اس نے یہ اقدام محض تجسس میں کیا اور اسے اس خطرناک فیصلے کے نتائج کا اندازہ نہیں تھا، وہ حصہ جہاں بچہ چھپا تھا عام طور پر آکسیجن کے نہ ہونے کے باعث بہت خطرناک ہے، خاص طور پر جب جہاز بلندی پر ہو۔
بعد ازاں حکام نے اُسے اُسی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے واپس افغانستان بھیج دیا، جو اتوار کو دوپہر 12:30 بجے دہلی سے روانہ ہوئی۔
ایئرلائن کی سیکیورٹی ٹیم نے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ کا مکمل معائنہ کیا تو وہاں سے ایک سرخ اسپیکر بھی ملا، جو بظاہر لڑکے کا ذاتی سامان تھا۔
حکام کے مطابق تخریبی کارروائی کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے طیارے کی مکمل جانچ کی گئی، جس کے بعد اُسے محفوظ قرار دے دیا گیا۔