کوئٹہ: شیخ زاہد ہسپتال کے یونین انتخابات میں اسٹار پینل نے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ نومنتخب صدر حاجی کبیر احمد محمدشہی اور جنرل سیکریٹری میرمحمد عمر زہری سمیت دیگر عہدے داروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر جتک قومی اتحاد کے مرکزی رہنما میربیبرگ جتک اور اسٹار پینل کے بانی رہنما میرفضل لہڑی نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکریٹری کو ہار پہنا کر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو مزدوروں اور ملازمین کی آواز کی فتح قرار دیا۔
میربیبرگ جتک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کامیابی ہسپتال کے محنت کشوں کے اعتماد کا مظہر ہے اور نو منتخب قیادت سے توقع ہے کہ وہ ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونین ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کی ضامن رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
تقریب میں کابینہ کے دیگر نومنتخب عہدے دار بھی موجود تھے جنہیں شرکاء کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ملازمین کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔