پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ ہونے پر پاکستان علما کونسل نے کل جمعہ کو یوم تشکر و یوم دعا منانے کا اعلان کر دیا۔
لاہور کے سینٹرل کیتھرڈل چرچ میں چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے سے امن چاہنے والوں کو نئی طاقت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ پوری پاکستانی قوم کے لیے بڑی خوشخبری ہے جب کہ 22 ستمبر کو وزیر اعظم اور ولی عہد فلسطینی ریاست پر خوشخبری دیں گے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارک باد کے مستحق ہیں، پاکستانی افواج کو مبارک ہو کہ وہ ارض حرمین شریفین کا دفاع کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی چرچ، مسجد، امام بارگاہ اور عام لوگوں کے ساتھ ہوئی، دہشت گرد ہمیں پاکستانی سمجھ کر مارتا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کل جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر و یوم دعا منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عرض حرمین کی حفاظت کرنے کی ذمہ داری پاکستان کو ملی ہے
اس موقع پر بشپ آزاد مارشل کا کہنا تھاکہ معرکہ حق کی وجہ سے پاکستان کا نام اونچا ہوا اور امید ملی مسلح افواج کے پاس صلاحیت ہے کہ اپنے سے 4 گنا بڑے دشمن کا مقابلہ بہادری سے کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کئے، یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔