اے این ایف نے کوئٹہ میں کاروائی کرتے ہوئے سنتھیٹک منشیات اسمگل کرنے میں ملوث گروہ کو گرفتار کرکے 25 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کرلی۔
قومی اور عسکری قیادت کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی سنتھیٹک ڈرگس کے خلاف مہم جاری ہے۔ یہ مہم ان ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشنز کے خلاف ہے جو مصنوعی (سنتھیٹک) منشیات بالخصوص میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کی تیاری اور ترسیل میں ملوث ہیں۔ یہ منشیات نوجوان نسل، معاشرے اور بین الاقوامی منڈیوں کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
خفیہ کارروائی میں اے این ایف نے ایک ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن (جس کی قیادت چاغی کے حاجی رشید اور اس کا بھائی عبدالباری کر رہے تھے) کا خاتمہ کردیا۔ یہ گروہ اپنے فرنٹ مین عبدل باقی اور متعدد ساتھیوں کے ساتھ بارابچہ کے علاقے میں میتھ ایمفیٹامائن کی تیاری اور بعد ازاں اس کی ترسیل چاغی اور ملک بھر میں کرنے میں ملوث تھا۔
اے این ایف ٹیم نے کوئٹہ کے علاقوں ایئرپورٹ چوک، ویسٹرن بائی پاس پر کامیاب کارروائی کی، اس دوران 2 گاڑیاں روکی گئیں جن سے سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں گروہ کا سربراہ اس کا شریک اور کئی فرنٹ مین اور کیریئر شامل ہیں۔
گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 25 پیکٹس میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد ہوئی جس کا وزن فی کس 1 کلوگرام تھا یوں کُل 25 کلوگرام (آئس) برآمد ہوئی۔ گرفتار منشیات اسمگلرز کو برآمد شدہ منشیات اور ضبط شدہ گاڑیوں سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے اے این ایف پولیس اسٹیشن کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔