اسلام آباد: وفاقی حکومت کا 24 سرکاری اداروں کی تین مراحل میں نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان نے سرکاری ادارو ں کی نجکاری کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔
عبد العلیم خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق پہلے ایک سال میں 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پھر اگلے ایک سے تین سال میں 13 اداروں کی نجکاری ہوگی، ایک ادارے کی نجکاری کے لیے 3 سے 5 سال کا آخری مرحلہ ہو گا۔
قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق پہلے مرحلے میں قومی ائیر لائن، روزویلٹ ہوٹل اور زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری ہو گی، آئیسکو سمیت 3 ڈسکوز کی نجکاری بھی پہلے مرحلے میں کی جائے گی۔
علیم خان نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور چار جنکوز کی نجکاری کی جائے گی۔ لیسکو سمیت 6 ڈسکوز کی نجکاری بھی دوسرے مرحلے میں ہو گی۔