مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ یاسر الدوسری نے خطبہ جمعہ میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں کو اس کے ذمہ دارانہ استعمال کی تلقین کی۔
شیخ یاسر الدوسری نے خطبہ جمعہ میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف سخت تنبیہ کی اور مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ کوئی بھی معلومات شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور خریدے گئے اکاؤنٹس کے ذریعے من گھڑت بیانات پھیلائے جاتے ہیں، جو معاشرتی انتشار کا سبب بن رہے ہیں اور جن کی وجہ سے علما کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
امام کعبہ نے زور دے کر کہا کہ سوشل میڈیا پر شائع یا شیئر کی گئی ہر بات کا روزِ قیامت اللہ کے حضور جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے دھوکہ دہی پر مبنی اکاؤنٹس خطرناک ہتھیار بن چکے ہیں، جو جان بوجھ کر جھوٹ کو فروغ دیتے ہیں اور معاشرتی بے چینی کو جنم دیتے ہیں۔
امام نے یہ بھی واضح کیا کہ اسمارٹ فونز کا غلط استعمال، جو لوگوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے تھا، اب تنہائی، حسد اور ناشکری کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم بن گیا ہے، جہاں مصنوعی طرزِ زندگی اور غیر ضروری موازنوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو روحانی اور سماجی بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔
شیخ یاسر الدوسری نے جعلی دینی فتوؤں اور علما پر بہتان تراشی کو اسلام دشمن مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آن لائن رویے میں ہوشیاری اور ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔