اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی والے کہتے تھے ثبوت دکھائیں اور سزا دیں، اب سزائیں سنائی جارہی ہیں تو کہا جارہا ہے سزا دی جارہی ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ 9 مئی کو دفاعی ادارے کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا اور یہ ایک حقیقت ہے، پی ٹی آئی والے خود تو کہہ رہے تھے کہ ثبوت دکھائیں اور سزا دیں۔
انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی والوں کو سزائیں سنائی جارہی ہیں تو کہا جارہا ہے سزا دی جارہی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے تھے، ہمیں ایسے کیسز میں ٹھونسا جارہا تھا جس میں سزا موت تھی، تب بھی ہم ان کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرنے کو تیار تھے، ہم نے تو ہمیشہ مذاکرات کی بات کی مگر پی ٹی آئی والے تیار نہیں ہوتے۔
پی ٹی آئی اراکین کی نااہلی اور ضمنی انتخابات کے معاملے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کا اختیار ہے کہ ٹکٹ کس کو دے، ٹکٹ پر سب سے پہلا حق کارکن کا ہے مگر کسی اور کو بھی ٹکٹ مل سکتا ہے۔