کوئٹہ: بلوچستان کے 7 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات آج 3 اگست کو ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے 7 اضلاع، جن میں ژوب، شیرانی، لورالائی، بارکھان، قلات، خضدار اور سوراب شامل ہیں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں۔
ان انتخابات میں 16 نشستوں کے لیے 25 امیدوار میدان میں ہیں، انتخابات میں مجموعی طور پر 106 جنرل کونسلرز ووٹ ڈالیں گے جب کہ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
ان میں خواتین کی 6 خالی نشستوں پر 15 امیدوار، مزدور کی 2 خالی نشستوں پر 4 امیدوار، کسان کی 1 خالی نشست پر 3 امیدوار اور غیر مسلم کی 7 خالی نشستوں پر 3 امیدوار مد مقابل ہیں۔
واضح رہے بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی 2022 کو ہوئے تھے، بلدیاتی اداروں کے قوانین کے مطابق صوبے کے بلدیاتی اداروں میں خالی ہونے والی نشستوں پر سال میں ایک مرتبہ ضمنی انتخابات کرائے جاتے ہیں۔