پشاور: کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) محمد ریاض نذیر نے کہا ہے کہ ایف سی کا نیا یونٹ 3900 جوانوں پر مشتمل اور کسی بھی نئی ذمہ داری کے لیے دستیاب ہوگا۔
کمانڈنٹ ایف سی نے کہا کہ فرنٹیرکانسٹیبلری کا نام بدل کر خیبرپختونخوا کاحق چھینےکی باتوں میں صداقت نہیں، ایف سی کی ری آرگنائزیشن کا مقصد کمانڈ اسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 ہزارافراد پر مشتمل ایف سی کا مرکزی سکیورٹی ڈویژن قائم رہے گا، صرف ایک نیا یونٹ قائم کیا جا رہا ہے، نئے یونٹ میں چاروں صوبوں سے نفری لی جائے گی اور 3900 جوانوں پرمشتمل یہ نیا یونٹ ہروقت کسی بھی نئی ذمہ داری کے لیے دستیاب ہوگا۔
کمانڈنٹ ایف سی محمد ریاض نذیر کا کہنا تھا کہ اب کم ازکم 300 ایسی آسامیاں ہوں گی جن پر ہمارے کانسٹیبلز کی ترقیاں ہوسکیں گی، اسی طرح سینئر رینکس کی بھی ترقیاں ہو پائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی سکیورٹی سمیت کرکٹ میچز، الیکشنز اور محرم کےدوران بھی فرائض انجام دیتی ہے۔