پانی کی شدید قلت کے شکار شہریوں، خاص طور پر ضلع کیماڑی اور غربی کے رہائشیوں کو اگلے ماہ پانی کی قلت سے کچھ ریلیف ملے گا، کیوں کہ نئی حب کینال کو فعال کر دیا جائے گا۔
یہ نئی کینال صوبائی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے، شہر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اسے شروع کیا گیا تھا، اور اس سے یومیہ 100 ملین گیلن پانی (ایم جی ڈی) کی اضافی فراہمی ممکن ہو گی، پرانی حب کینال، جو نئی کینال کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مرمت کی جا رہی ہے، شہر کو پہلے ہی 150 ایم جی ڈی پانی فراہم کر رہی ہے۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نئی 100 ایم جی ڈی حب کینال کو 14 اگست سے فعال کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کام صوبائی حکومت کے مالی تعاون سے 12 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے کیا جا رہا ہے، اور یہ منصوبہ صرف 9 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ (پرانے) کینال کی بحالی کا کام بھی اسی منصوبے کے تحت کیا جا رہا ہے۔
واٹر بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نئی کینال کراچی کی پانی کی فراہمی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی اور شہر میں جاری پانی کے بحران (خاص طور پر کیماڑی اور ویسٹ کے علاقوں میں) پر قابو پانے میں مدد دے گی۔
انہوں نے کہا کہ حب کینال کا یہ منصوبہ شہر کے پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور اس کی تکمیل سے شہریوں کو واضح ریلیف ملے گا۔
حب کینال کا یہ منصوبہ 2022 میں منظور کیا گیا تھا، جس میں نئی کینال کی تعمیر اور پرانی کینال کی بحالی شامل تھی تاکہ کیماڑی اور ویسٹ کے اضلاع میں پانی کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
منصوبے میں حب پمپنگ اسٹیشن، رائزنگ مین، اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 ایم جی ڈی سے 100 ایم جی ڈی تک اپ گریڈ کرنا بھی شامل ہے۔