یمن سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیا گیا، جس سے تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اسرائیل فوج نے میزائل حملے کی تصدیق کردی۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ یمن سے اسرائیل کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا، جسے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی۔
فوج کے مطابق میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل کے کئی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بج گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یمن میں حوثی جماعت نے جمعہ کی شب اعلان کیا کہ انہوں نے تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ کو ایک ہائپر سونک بیلسٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی فورس نے یافا کے علاقے میں واقع اللُّد (بن گوریان) ایئرپورٹ پر "فلسطین 2” نامی ایک ہائپر سانک بیلسٹک میزائل کے ذریعے حملہ کیا ہے۔
یحییٰ السریع کے مطابق یہ کارروائی کامیاب رہی، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد پناہ گاہوں کی طرف بھاگے اور ایئرپورٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر رک گئیں۔
ادھر اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یمن سے دوسرا میزائل حملہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس حملے کے باعث بن گوریان ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔
واضح رہے کہ 2023 ءکے اختتام سے اب تک حوثی جنگجو متعدد بار اسرائیل اور بحیرہ احمر میں موجود ان جہازوں پر حملے کرچکے ہیں جنہیں وہ اسرائیل سے منسلک قرار دیتے ہیں۔
اس کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔