اتوار, اگست 3, 2025
ہوماہم خبریںامریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروہ کو...

امریکا نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروہ کو عالمی دہشتگرد قرار دے دیا

امریکا نے بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروہ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) اور خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) قرار دے دیا۔

بھارت نے 22 اپریل کو وادی بائسرن میں کیے گئے حملےکا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا تھا اور اس واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کی، پہلگام حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بی بی سی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اس گروہ نے ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، لیکن بعد میں اس سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے جمعرات کے بیان میں بھارت کے اس مؤقف کی بازگشت سنائی دی، جس میں نئی دہلی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ نیا اور کم معروف گروہ دراصل کالعدم لشکرِ طیبہ کی ’فرنٹ اور پراکسی‘ ہے۔

بھارت لشکرِ طیبہ کو 2008 کے ممبئی حملوں سمیت کئی دیگر کارروائیوں کا ذمہ دار بھی قرار دیتا ہے، امریکا پہلے ہی دسمبر 2001 میں لشکرِ طیبہ کو ایف ٹی او کی فہرست میں شامل کر چکا ہے۔

اس نئے گروہ کا نام پہلی بار 2020 میں اس وقت سامنے آیا جب اُس وقت کے بھارتی آرمی چیف جنرل ایم ایم نراوَنے نے پاکستان پر کشمیر میں ’نئی دہشت گرد تنظیم‘ بنانے کا الزام عائد کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ ایک اور دہشت گرد تنظیم ہے، صرف نام مختلف ہے اور یہ سرحد پار موجود پراکسیز کی مدد سے کام کرتی ہے‘۔

پاکستان نے اس الزام کو فوری طور پر مسترد کر دیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ اقدامات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے قومی سلامتی کے تحفظ، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور پہلگام حملے کے انصاف کے مطالبے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘

حال ہی میں بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پاکستان اس گروہ کے خلاف بھارت سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

اسی دوران کرن تھاپر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں اس گروہ کو دہشت گرد قرار دلوانے کی کوشش کی تھی، مگر چین نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے اس اقدام کو روک دیا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے