کوئٹہ سے لاہور جانے والی مسافر بس سے اغوا کیے گئے 9 بے گناہ مسافروں کی شہادت پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے بزدلی اور درندگی کا ثبوت دیا اور ریاست اس کا سخت جواب دے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستانی شناخت پر معصوموں کا قتل ناقابلِ معافی جرم ہے ۔ بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریاستی جنگ ہے، اس میں دوٹوک فیصلہ ہوگا۔ ہم فتنہ الہندوستان کےدہشتگردوں کے تمام نیٹ ورک تباہ کریں گے ۔
واضح رہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی ایک مسافر بس سے 9 مسافروں کو اغوا کیا تھا جنہیں بعد میں شہید کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رندنے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنتہ الہندوستان نےآج 3 دہشت گرد حملے کئے جسے پسپا کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے پنجاب جانے والے مسافروں کو بس سے اتار کرقتل کیاگیا، بلوچستان حکومت اس واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
ترجمان شاہد رند نے واقعے کو ماضی کے واقعات کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایاجارہاہے۔ بےگناہ شہریوں کو بیہمانہ طریقے سے قتل کرنا فتنہ الہندوستان کی کھلی درندگی ہے۔