ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپو میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کوالالمپور میں جاری 32 ویں آسیان ریجنل فورم ( اے آر ایف) وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران دوبارہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
آسیان ریجنل فورم کے اجلاس میں اے آر ایف کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندگان کے ساتھ ساتھ آسیان کے سیکر ٹری جنرل بھی شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ اے آر ایف کا قیام 1994ء میں عمل میں آیا تھا اور یہ علاقائی امن و سلامتی سے متعلق کثیرالجہتی مکالمے اور مشاورت کا ایک اہم فورم ہے۔
پاکستان 2004ء میں اس فورم میں شمولیت کے بعد سے اے آر ایف کا ایک فعال رکن رہا ہے اور اس کی سرگرمیوں اور اقدامات میں تعمیری طور پر حصہ لیتا رہا ہے۔