کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع زیارت میں زڑگئی ڈیم میں ڈوبنے والی تین خواتین میں سے دو کو اپنی جان پر کھیل کر بچانے والے بہادر نوجوان شمائل خان کو وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان نے شمائل خان کو نقد انعام، تعریفی سرٹیفیکیٹ اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کی ریسکیو فورس میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ "جس نے ایک انسان کی جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔ شمائل خان نے انسانیت کے لیے بلا معاوضہ، بغیر کسی لالچ اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر دو انسانی جانوں کو بچایا، جو ایک عظیم کارنامہ ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ اور جغرافیائی طور پر وسیع علاقے میں ریسکیو ٹیموں کے بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے شمائل خان جیسے افراد سول سوسائٹی کی صفِ اول میں رہ کر انسانیت کی بے مثال خدمت کر رہے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہماری حکومت ایک ذمہ دار حکومت ہے، اور ایسے نوجوانوں کی قدر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم شمائل خان کو تعریفی اسناد، نقد انعام اور پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس میں ملازمت دے کر ان کی قربانی اور خدمت کا اعتراف کر رہے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کلائمیٹ چینج کے تناظر میں احتیاطی تدابیر اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ "بلوچستان کا اصل چہرہ شمائل خان جیسے لوگ ہیں جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر دکھی انسانیت کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ یہ سرزمین واقعی عظیم لوگوں کی سرزمین ہے۔