کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع دکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر اطمینان اور تحسین کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جاری کردہ بیان میں وزیر اعلی نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی اداروں کی کامیابیاں واضح پیغام ہیں کہ ہم کسی صورت بلوچستان کے امن کو دا پر نہیں لگنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، لیکن ان کا ہر وار ناکام بنایا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاستی ادارے مکمل قوت کے ساتھ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحرک ہیں، اور حکومت ہر سطح پر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر اعلی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔