ہفتہ, جون 28, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںبجٹ منظوری میں اہم کردار ادا کرنے پر اتحادیوں کے مشکور ہیں،شہبازشریف

بجٹ منظوری میں اہم کردار ادا کرنے پر اتحادیوں کے مشکور ہیں،شہبازشریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ منظوری میں اہم کردار ادا کرنے پر اتحادیوں کے مشکور ہیں، ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کی منظوری کے بعد ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کیلئے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی، تمام اتحادی جماعتوں کے مشکور ہیں جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا بجٹ تشکیل دیا، اتحادی جماعتوں نے بجٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا جن پر ان کے شکر گزار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔
میرا یقین محکم ہے کہ یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت میں اللہ رب العزت نے ہمیں شاندار فتح سے ہمکنار کیا، افواج پاکستان، پوری سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں ملکی وقار بلند ہوا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستان کے موقف کو واضح اور بھارت کے پاکستان کے حوالے سے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نہ صرف سفارتی وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور پاکستان کی سفارتی اور فوجی فتح پر حکومت اور افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و برادر عوام کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا، جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مکمل رابطے میں تھا، اسرائیل ایران تنازع کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے